جمعہ 31 اکتوبر 2025 - 05:16
ٹرمپ کا "طاقت کے ذریعے امن" کا دعویٰ سراسر جھوٹ ہے

حوزہ/ مصلحت نظام کونسل کے سربراہ نے کہا: غزہ میں صہیونی حکومت کے مظالم کے لیے امریکہ اور یورپ کی حمایت نے ثابت کر دیا ہے کہ مغرب کی طرف سے فروغ پانے والا بین الاقوامی نظام درحقیقت جبر اور غنڈہ گردی کا نظام ہے۔ ٹرمپ کا یہ دعویٰ کہ "ہم طاقت کے ذریعہ امن نافذ کریں گے" محض ایک جھوٹ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق،تہران/ مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ آملی لاریجانی نے کونسل کے اجلاس میں صہیونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر تنقید کرتے ہوئے کہا: صہیونی حکومت نے جنگ بندی کے آغاز سے ہی غزہ شہر پر بار بار حملے کیے ہیں اور بہت سے مسلمانوں اور مومنین کو شہید کیا ہے لہذا جنگ بندی کے بعد نئے حملوں میں شدت کا اعلان صہیونی حکومت کے ان مظالم کا تسلسل ہے جو پچھلے دو سالوں سے مظلوم غزہ قوم کے خلاف جاری ہیں۔

انہوں نے کہا: پچھلے دو سالوں کے دوران غزہ کے عوام کے خلاف مظالم میں صہیونی حکومت تمام انسانی اور اخلاقی حدود سے تجاوز کر چکی ہے۔ ٹرمپ نے خطے میں آکر "ایک پروپیگنڈہ شو کیا اور امن کا لباس پہنا" تاکہ "عظیم دھوکے و فراڈ" کا مظاہرہ کرے لیکن عملی طور پر جنگ بندی معاہدے کے بعد سے آج تک غزہ کے بہت سے مسلمان شہید ہو چکے ہیں۔

آیت اللہ آملی لاریجانی نے غزہ میں ساٹھ ہزار سے زائد فلسطینی خواتین، مردوں اور بچوں کے شہادت پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے، پچھلے کئی مہینوں سے غزہ کے لاکھوں افراد کو اذیت دینے کے لیے بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے، اسکولوں، ہسپتالوں اور عوامی مکانات کی تباہی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا: دنیا کے لیے ثابت ہو گیا ہے کہ انسانی حقوق کی حمایت کا دعویٰ محض یورپی اور امریکی عہدیداروں کے محض زبانی دعوے ہیں۔

مصلحت نظام کونسل کے سربراہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ غزہ میں صہیونی حکومت کے مظالم کے لیے امریکہ اور یورپ کی حمایت نے ثابت کر دیا ہے کہ مغرب کی طرف سے فروغ پانے والا بین الاقوامی نظام درحقیقت جبر اور غنڈہ گردی کا نظام ہے، واضح کیا: ٹرمپ کا یہ دعویٰ کہ "ہم طاقت کے ذریعہ امن نافذ کریں گے" محض ایک جھوٹ ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha